اہل البیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق حضرت آیت اللہ العظمی نوری ہمدانی نے چہار محال و بختیاری صوبے کے دارالحکومت شہر کرد کے دورے کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا: خداوند متعال نے قرآن کریم میں شکر نعمت کی طرف بوفور اشارہ فرمایا ہے اور تقریبا قرآن کی 73 آیات کریمہ میں اس موضوع کی طرف اشارہ کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا: خداوند تبارک و تعالی نے انسان کو بہت ساری قابلیتوں اور استعدادات و صلاحیتوں سے نوازا ہے اور تمام موجودات کو اس ممتاز موجود کی خدمت میں قرار دیا ہے۔ حضرت آیت اللہ العظمی نوری ہمدانی نے اسلامی انقلاب کی برکات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اسلامی جمہوری نظام کو اس انقلاب کی سب سے پہلی برکت قرار دیا اور کہا: اسلامی انقلاب کے نتیجے میں زمانے کے ظلم و ستم کا خاتمہ ہوا اور انقلاب اسلامی کی برکت سے وہ حالت بدل گئی اور عدل، وحدت اور یگانگت کو فروغ ملا۔ انھوں نے کہا: خود اعتمادی دینا اور خود اعتمادی پیدا کرنا، اسلامی انقلاب کی دوسری برکات میں سے ہے؛ استکبار کے تسلط کی وجہ سے عوام کی تحقیر و تذلیل ہوئی تھی اور امام خمینی (رحمۃاللہ علیہ) نے انہیں خود اعتمادی عطا کی اور ان کے دلوں کے نہانخانوں میں چھپے ہوئے ایمان کو جگایا اور انہیں نئی حیات بخشی۔ انھوں نے کہا: عوام کی خود اعتمادی کی ایک بڑی اور اہم مثال ایران کے پرامن جوہری پروگرام میں نمایاں ہے اور ملک کی سائنسی ترقی اسی خود اعتمادی کا ثمرہ ہے۔ انھوں نے کہا: جہاد و شہادت کی تعلیمات کے احیاء کو انقلاب اسلامی کی تیسری اہم برکت قرار دیا اور کہا: ملت ایران کو دفاعی اور عسکری صنعتوں کے حوالے مکمل طور پر تیار رہنا چاہئے تاکہ ہر وقت اپنی گھات میں بیٹھے ہوئے دشمنوں کا سراغ لگاتا رہے اور ان کا مؤثر مقابلہ کرسکے۔ حضرت آیت اللہ العظمی حسین نوری ہمدانی نے ایران کے اسلامی معاشرے میں خواتین کی منزلت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: ملک میں خواتین کی منزلت کی حقیقی تشریح اور ملک بھر میں پر شکوہ نماز ہائے جمعہ اسلامی انقلاب کی دیگر برکات میں سے ہیں۔ انھوں نے کہا: اسلامی بیداری حالات حاضرہ کے مسائل میں سب سے اہم مسئلہ ہے؛ آج اسلامی انقلاب کا پیغام دنیا بھر کی اقوام تک پہنچایا جاچکا ہے اور اس کا نتیجہ دنیا کے 99 فیصد مستضعفین کی بیداری اور ایک فیصد استکباری قوتوں کی ذلت و خواری اور خفت کی صورت میں برآمد ہوا ہے۔ حضرت آیت اللہ العظمی نوری ہمدانی نے شام پر امریکہ اور عالمی استکبار کے سرغنوں کے ممکنہ حملے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: شام محاذ مزاحمت میں ایران کے کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہے اور استکبار اور صہیونیت کے خلاف جنگ میں ایران کے ساتھ مکمل طور پر ہمآہنگ ہے؛ اسی بنا پر دشمن کی یہ کوشش ہے کہ اس مزاحمت کو توڑ کر رکھ دے لیکن امریکہ کہ جان لینا چاہئے کہ اس کے اس کھیل کا نتیجہ بہر صورت اس کی قطعی شکست کی صورت میں برآمد ہوگا۔ انھوں نے زور دے کر کہا کہ اسلام کے مجاہدین نے اسرائیل کے تمام حساس نقاط اور ٹھکانوں کا سراغ لگا لیا ہے اور اگر امریکہ نے شام پر حملہ کیا تو شامی افواج اسرائیل کے تمام اہم ٹھکانوں اور حساس مراکز کو میزائل حملوں کا نشانہ بنائیں گے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔/٭۔٭
آیت اللہ العظمی نوری ہمدانی کا شہرکرد کے عوام سے خطاب؛
شام پر امریکہ حملہ بہرصورت شکست سے دوچار ہوگا / اسرائیل شام کے میزائلوں کی زد میں
11 ستمبر 2013 - 19:30
News ID: 462049
آیت اللہ العظمی حسین نوری ہمدانی نے چہار و محال و بختیاری صوبے کے دارالحکومت میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شام پر ممکنہ امریکی حملہ ہر صورت میں امریکی شکست پر منتج ہوگا/ اسلام کے مجاہدین نے اسرائیل کے تمام حساس نقاط اور ٹھکانوں کا سراغ لگا لیا ہے اور اگر امریکہ نے شام پر حملہ کیا تو شامی افواج اسرائیل کے تمام اہم ٹھکانوں اور حساس مراکز کو میزائل حملوں کا نشانہ بنائیں گے۔